بیندور 17 جولائی (ایس او نیوز) تعلقہ کے کمبادا کونے میں ایک بائک روڈ پر پھسل جانے کے نتیجے میں بائک پر سوار دونوں طلبہ ہلاک ہوگئے، جن کی شناخت آندھرا پردیش کے رہنے والے آدتیہ ریڈی (18) اور ترون کمار ریڈی (19) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
حادثہ اتوار صبح قریب دس بجے اس وقت پیش آیا جب یہ دونوں اتوار کو کالج میں چھٹی ہونے کی بناء پر تفریح کی غرض سے بائک پر سوار مرڈیشور جانے کے لئے نکلے تھے، غالباً موسلادھار بارش کے چلتے ان کی بائک روڈ پر پھسل گئی اور سیدھے ایک کھمبے سے جا ٹکرائی۔ حادثہ کمبادا کونے بریج کے قریب نیشنل ہائی وے 66 پر پیش آیا۔
دونوں منی پال ایم آئی ٹی کالج کے طالب علم بتائے گئے ہیں۔ انہوں نے منی پال سے بائک کرائے پر حاصل کی تھی۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی گنگولی کی 24X7 ایمرجنسی ایمبولینس کے ڈرائیور ابراہیم گنگولی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، اور زخمیوں کو اسپتال لے جانے میں مدد کی مگر اسپتال پہنچنے تک ایک کی موت واقع ہوگئی جبکہ دوسرا اسپتال پہنچنے کے کچھ دیر بعد چل بسا
بیندور پولس تھانہ میں کیس درج کیا گیا ہے۔